نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا (NKATI) میں پانی چوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مرکزی واٹر لائنوں سے منسلک پانچ مبینہ غیر قانونی کنکشن منقطع کردیے گئے۔
خصوصی رپورٹ کے مطابق 84 انچ اور 66 انچ کی مرکزی واٹر لائنوں سے غیر قانونی کنکشن منسلک تھے۔ کارروائی کے دوران 12، 10، 6 اور 5 انچ قطر کی پانچ غیر قانونی لائنیں پکڑ کر ہٹا دی گئیں۔
ڈاکٹر عاصم حسین کی ہدایات پر کارروائی
اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی ہدایات پر پانی چوری کی اطلاع ملنے کے بعد متعلقہ سطح پر کارروائی کی گئی۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے انفارمیشن سیکریٹری اسد حنیف نے کہا کہ ضلع وسطی میں پانی چوری روکنے سے شہریوں کو درپیش قلت میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی عوام کا بنیادی حق ہے اور کسی کو اس حق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کو ان کے جائز حصے کا پانی مل سکے۔
پانی چوری کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم
اسد حنیف کا کہنا تھا کہ عوام کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کو مزید رعایت نہیں دی جائے گی۔ پانی چوری کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ پانی کی غیر قانونی تقسیم اور چوری روکنے کے لیے مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔ اس سے ضلع وسطی کے رہائشیوں کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

