کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ایرانی شہری کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے معاملے میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ملزم ضیاء الحق آرائیں کو گرفتار کیا۔ وہ نادرا میگا سینٹر کی سائمنز چورنگی برانچ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل تعینات رہ چکا ہے۔
ایرانی شہری کا شناختی کارڈ پراسیس کرنے کا الزام
ایف آئی اے کے مطابق ملزم پر ایرانی شہری محمد اکبر کا پاکستانی شناختی کارڈ پراسیس کرنے کا الزام ہے۔
تحقیقات کا آغاز کراچی ایئرپورٹ پر قطر جانے والے 2 مسافروں کو روکنے کے بعد ہوا۔ امیگریشن حکام نے دونوں مسافروں کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافروں نے دورانِ تفتیش خود کو پیدائشی ایرانی شہری بتایا۔ انہوں نے مبینہ طور پر رقم کے عوض غیر قانونی ذرائع سے پاکستانی شناختی دستاویزات حاصل کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
دیگر افسران اور ایجنٹس کی تلاش جاری
ایف آئی اے کی تحقیقات میں ایرانی شہری محمد اکبر کا شناختی کارڈ پراسیس کرنے میں نادرا کے سابق افسر کا کردار سامنے آیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو مزید تفتیش کے لیے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے کردار، متعلقہ دستاویزات اور نادرا ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
ادارہ پاکستانی شناختی دستاویزات کے غیر قانونی اجرا میں ملوث دیگر افسران اور ایجنٹس کی نشاندہی بھی کر رہا ہے۔
ایف آئی اے نے کہا ہے کہ غیر ملکی شہریوں کو غیر قانونی طور پر پاکستانی شناخت فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

