کراچی کے ضلع کیماڑی میں ضلعی انتظامیہ نے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 300 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔
یہ آپریشن ڈپٹی کمشنر کیماڑی ستار ہاکڑو اور ڈائریکٹر جنرل لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ہدایات پر کیا گیا۔
ماڑی پور میں مشترکہ آپریشن
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی سب ڈویژن ماڑی پور کے علاقے دیہہ گونڈپاس، این اے کلاس 162 میں کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر ماڑی پور آصف سومرو نے آپریشن کی قیادت کی۔ کارروائی میں لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ فورس کے اہلکار شریک ہوئے۔
مشترکہ کارروائی کے دوران تقریباً 300 ایکڑ سرکاری اراضی غیر قانونی قابضین سے خالی کرا لی گئی۔
سرکاری اراضی پر قبضہ برداشت نہیں ہوگا، انتظامیہ
ضلعی انتظامیہ نے سرکاری زمینوں کے تحفظ اور غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ کسی کو بھی سرکاری املاک پر غیر قانونی تسلط قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

