شہر میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ نے وسیع پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے 15 دکانیں سیل اور 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران 12 ٹرک سامان بھی ضبط کیا گیا۔
کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ اسامہ بن اشرف کی سربراہی میں لائٹ ہاؤس، مچھی میانی اور اللہ رکھا پارک کے اطراف آپریشن کیا گیا۔
غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات مسمار
اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ کے مطابق کارروائی میں سرکاری اور عوامی گزرگاہوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات، عارضی ڈھانچوں اور تعمیرات کو نشانہ بنایا گیا۔
آپریشن کے دوران متعدد غیر قانونی ڈھانچے موقع پر مسمار کردیے گئے۔ خلاف ورزیوں پر 15 دکانیں سیل کی گئیں، جبکہ 6 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
انتظامیہ نے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی راستوں کو کلیئر کرانے کے لیے بھی اقدامات کیے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔
تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
اسسٹنٹ کمشنر اسامہ بن اشرف نے کہا کہ کمشنر کراچی کی ہدایات کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کی مہم جاری رہے گی۔ عوامی گزرگاہوں پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں کی جائیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق آپریشن کے بعد علاقے کی سڑکوں اور راستوں کو تجاوزات سے صاف کرادیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ تجاوزات ختم ہونے سے آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ اس سے پیدل چلنے والوں کو بھی سہولت ملے گی۔
