وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول پر حکومتی ریلیف صارفین تک نہ پہنچانے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بعض پیٹرول پمپس سے عوام کو ریلیف نہ دینے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے وزیر پیٹرولیم کو ایسے پمپس کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کارروائی ایسی ہونی چاہیے کہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آجائے۔
پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافہ روکا گیا، وزیراعظم
شہباز شریف نے کہا کہ جمعے کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافہ ہونا تھا، تاہم حکومت کے بروقت فیصلے سے یہ اضافہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے۔ حکومت ایل پی جی درآمد کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔
خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کا پیکج
وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کی پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح سکیورٹی ہے۔
ان کے مطابق گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

