کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شِنگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں آزمودہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
پاک چین تاریخی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور آزمودہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط، ادارہ جاتی تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
چینی مہمان لیو ہائی شِنگ نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔
چینی وزیر نے پاکستان اور چین کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔

