وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ ہونا تھا، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر یہ بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے آئل ریفائنریز پر ڈالا گیا۔
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے نے پاکستانی معیشت کو بھی متاثر کیا ہے۔
ان کے مطابق خطے کی صورتحال کے باعث نقل و حمل، انشورنس اور لاجسٹکس کے اخراجات بڑھ گئے ہیں۔ حکومت کی اہم ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت نے مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے تعاون کی درخواست کی۔
انہوں نے بتایا کہ ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لیٹر سستا پیٹرول فراہم کرنے اور قیمتوں میں اضافہ روکنے میں مدد ملی۔
علی پرویز ملک کے مطابق ریفائنریز نے گزشتہ تین ماہ میں اتنا منافع کمایا ہے جو کئی برسوں میں نہیں کمایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنریز نے حکومت کے ساتھ مل کر 15 ارب روپے کا بوجھ اٹھایا ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ 13 ملین سے زائد صارفین حکومتی ریلیف سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ حکومت کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کرنا چاہتی اور بین الاقوامی بحران سے شفاف طریقے سے نکلنے کی کوشش کررہی ہے۔
فیول سبسڈی اسکیم سے کروڑوں افراد مستفید
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا پہلے دن سے وژن تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ عوام پر منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی صورتحال کے باعث پاکستانی معیشت بھی متاثر ہوئی۔ باب المندب اور آبنائے ہرمز کی صورتحال نے دنیا بھر کی معیشتوں پر اثرات مرتب کیے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق پاکستان کی معیشت متاثر ہونے کے باوجود میکرو اکنامک انڈیکیٹرز بہتر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافہ ہونا تھا، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر یہ بوجھ ریفائنریز پر منتقل کیا گیا۔
فیول ریلیف اسکیم کے تحت 27 ارب روپے فراہم
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت 15 ملین سے زائد رجسٹریشن ہوچکی ہیں۔
ان کے مطابق اب تک اسکیم کے تحت 27 ارب روپے ریلیف کی مد میں فراہم کیے جاچکے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں افراد کی رجسٹریشن اور انہیں سستا تیل فراہم کرنا اسکیم کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیول ریلیف اسکیم جاری رکھے گی۔
وزیر اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے ریلیف اسکیم شروع کی گئی ہے۔ متعلقہ محکموں نے مل کر فیول سبسڈی اسکیم کے لیے اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے حکمت عملی کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ روکنے کی کوشش کی ہے۔

