سندھ ہائیکورٹ نے سائٹ صنعتی علاقے میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف 19 صنعتی اداروں کی درخواست نیپرا کی رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔
سماعت کے دوران نیپرا نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیپرا نے بتایا کہ صنعتی اداروں کی شکایات پر فیصلہ جاری کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ، مقررہ شیڈول سے ہٹ کر یا ضرورت سے زیادہ لوڈشیڈنگ بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔
باقاعدگی سے بل ادا کرنے والوں کی بجلی بند نہیں کی جاسکتی
نیپرا کی رپورٹ کے مطابق بجلی چوری، واجبات کی عدم ادائیگی یا فیڈر کے زیادہ نقصانات کی بنیاد پر باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کی بجلی منقطع نہیں کی جاسکتی۔
رپورٹ میں ہدایت کی گئی کہ بجلی چوری اور نادہندگی میں ملوث انفرادی صارفین کے خلاف کارروائی کی جائے۔
نیپرا نے درخواست گزاروں کے علاقوں میں آئندہ 3 سے 6 ماہ کے دوران لوڈشیڈنگ کم یا ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
صنعتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا مؤقف
درخواست گزاروں کے وکیل راجہ نوید نے عدالت کو بتایا کہ سائٹ صنعتی علاقے میں روزانہ 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
ان کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ کے باعث صنعتی سرگرمیاں اور کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔
عدالت نے نیپرا کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد 19 صنعتی اداروں کی درخواست نمٹا دی۔

