پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی، جبکہ 17 افراد شدید زخمی ہیں۔
مسٹر پتلو کی شادی کی تقریبات گزشتہ چند روز سے جاری تھیں۔ وہ اپنی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کر رہے تھے۔
مہندی کی تقریب میں ہزاروں افراد کی آمد
گزشتہ روز مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب مقامی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں عوام کو عام دعوت دی گئی تھی، جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ وہاں پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق تقریب میں کار اور موٹر سائیکلوں کی قرعہ اندازی کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ انعامات جیتنے کے لیے ہزاروں افراد تقریب میں جمع ہوئے، جس کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔
واقعے میں مجموعی طور پر 19 افراد زخمی ہوئے۔ ان میں عقیل نامی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، جبکہ ریحان نامی نوجوان کو تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کیا گیا۔
زخمی نوجوان لاہور میں دم توڑ گیا
ایس ایچ او تھانہ موترہ مبین احمد کے مطابق لاہور ریفر کیا گیا ریحان نامی نوجوان بھی دورانِ علاج جاں بحق ہوگیا ہے۔
اس طرح واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل عقیل نامی شخص بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔
مسٹر پتلو سمیت 40 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ
واقعے کے بعد پولیس نے مسٹر پتلو سمیت 40 سے زائد نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ موترہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس نے مقدمے کے سلسلے میں 6 افراد کو گرفتار بھی کیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حفاظتی انتظامات میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

