وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات اور سرکاری اراضی پر قبضوں کے خلاف آپریشن کے دوران اسلام آباد ایکسپریس وے کی گرین بیلٹ پر قائم کھنہ پولیس اسٹیشن کی عمارت مسمار کر دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس اسٹیشن کی مسماری کے آپریشن کی نگرانی کی۔ چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی اس موقع پر موجود تھے اور آپریشن میں حصہ لیا۔
کھنہ پولیس اسٹیشن کے لیے نئی جگہ مختص
محسن نقوی نے بتایا کہ کھنہ پولیس اسٹیشن کو عارضی طور پر متبادل جگہ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ تھانے کے لیے نئی قانونی جگہ بھی مختص کر دی گئی ہے، جہاں نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔
سرکاری اراضی پر قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سرکاری اراضی پر کسی سرکاری یا نجی ادارے اور کسی فرد کو قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے قبضے سے بھی سرکاری اراضی واگزار کرائی جا رہی ہے۔ کچھ عرصہ قبل میریٹ ہوٹل کے قریب ایف سی کیمپ آفس کو بھی مسمار کیا گیا تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ تجاوزات اور سرکاری اراضی پر قبضوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اسلام آباد سے تجاوزات کا سو فیصد خاتمہ حکومت کا ہدف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اسلام آباد کو خوبصورت، سرسبز اور تجاوزات سے پاک شہر بنانا چاہتی ہے۔

