کراچی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے لاکھوں روپے ہتھیانے اور بلیک میل کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم نے شادی کے وعدے پر خاتون سے مجموعی طور پر 44 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے۔ ملزم نے میٹرومونیل ایپ کے ذریعے خاتون سے رابطہ کیا اور مختلف بینک اکاؤنٹس میں آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعے رقم حاصل کی۔
تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم نے رقم وصول کرنے کے بعد خاتون کی تصاویر میں ردوبدل کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیں۔
ملزم نے تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دے کر خاتون سے مزید رقم بٹورنے کی کوشش بھی کی۔
ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم حسام ولد سلیم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 117/2026 درج کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ ملزم نے اسی طریقہ واردات کے ذریعے متعدد دیگر خواتین کو بھی نشانہ بنایا۔
دیگر متاثرہ خواتین سے شکایات درج کرانے کی اپیل
این سی سی آئی اے نے ممکنہ متاثرہ خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ سامنے آکر اپنی شکایات درج کرائیں۔
ادارے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شکایت کنندگان کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔ آن لائن فراڈ اور بلیک میلنگ کا شکار افراد این سی سی آئی اے کراچی میں اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

