کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) نے مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس مقابلے کے بعد تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں دو زخمی بھی شامل ہیں۔
ترجمان ایس آئی یو/سی آئی اے کے مطابق کارروائی سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع کنیز فاطمہ سوسائٹی میں کی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عرفان عرف عرفانی، جہانگیر احمد اور محمد رمضان عرف ندیم کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تین 30 بور پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے منتقل کیے جانے کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم جہانگیر احمد عادی اور ریکارڈ یافتہ مجرم ہے، جس کے خلاف شیر شاہ تھانے میں پہلے بھی مقدمات درج ہو چکے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ حالیہ کارروائی کے بعد ایس آئی یو تھانے میں ملزمان کے خلاف چار مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی ایس آئی یو/سی آئی اے ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

