آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو لاڑکانہ پہنچے، جہاں ڈی آئی جی آفس آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بعد ازاں ان کی زیرِ صدارت کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس اقدامات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈی آئی جیز لاڑکانہ اور سکھر، مختلف اضلاع کے ایس ایس پیز اور ایس پی اسپیشل برانچ لاڑکانہ نے بالمشافہ شرکت کی۔ ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز اور فنانس سمیت متعلقہ اے آئی جیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
کچے کے علاقوں میں پولیس اقدامات کا جائزہ
ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب خان اور ڈی آئی جی لاڑکانہ شیراز نذیر نے اجلاس کو متعلقہ اضلاع، خصوصاً کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں اور امن کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس میں کچے کے علاقوں میں قائم پولیس چوکیوں، پولیس انفرااسٹرکچر، گاڑیوں، افرادی قوت اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ پولیس کی آپریشنل صلاحیت مزید بہتر بنانے کے لیے درکار وسائل اور ضروریات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
آئی جی سندھ نے متعلقہ افسران کو کچے کے علاقوں میں پائیدار امن برقرار رکھنے، پولیس انفرااسٹرکچر مضبوط بنانے اور ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
رونتی امن اسپورٹس فیسٹیول پر پولیس کی تعریف
جاوید عالم اوڈھو نے ضلع گھوٹکی کے علاقے رونتی میں تین روزہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو رونتی امن اسپورٹس فیسٹیول کے کامیاب اور پُرامن انعقاد پر سندھ حکومت، وفاقی سول اور حساس اداروں، ضلعی انتظامیہ، سندھ پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی گھوٹکی اور پوری پولیس ٹیم کو فیسٹیول کے منظم اور پُرامن انعقاد پر شاباش دی۔
آئی جی سندھ کے مطابق کھیلوں سمیت مثبت سماجی سرگرمیاں امن، بھائی چارے، باہمی ہم آہنگی اور صحت مند معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
قومی شاہراہوں کے تحفظ پر آئی جی سندھ کا مؤقف
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں امن کی بحالی سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مشترکہ حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔
ان کے مطابق سندھ حکومت کے تعاون اور متعلقہ اداروں کے اشتراک سے علاقے میں امن کی بحالی کے لیے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں، غازیوں کی بہادری اور پولیس اہلکاروں کی انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
آئی جی سندھ نے دعویٰ کیا کہ قومی شاہراہیں پہلے سے زیادہ محفوظ اور پُرامن ہیں اور ملک بھر کی تاجر برادری نے بھی اس صورتحال کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ پولیس نے کچے کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کچے کے علاقوں میں قائم امن کو برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
