میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں تجاوزات سے متعلق شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ انسدادِ تجاوزات کو شہر بھر میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے افسران کو دو ہفتوں کی مہلت بھی دے دی۔
میئر کراچی نے محکمہ انسدادِ تجاوزات کے تمام افسران کے ساتھ ہنگامی اجلاس کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں، اس کے باوجود تجاوزات کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ ان کے مطابق یہ صورتِ حال کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
میئر کراچی نے واضح کیا کہ انہیں صرف رپورٹس یا وقتی کارروائیاں نہیں چاہئیں، بلکہ عملی اقدامات نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے حکم دیا کہ آپریشن کے بعد دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کی دکانیں سیل کی جائیں اور ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ہر ماہ تنخواہوں کی مد میں کروڑوں روپے ادا کرتی ہے۔ اگر متعلقہ محکمہ شہریوں کی شکایات دور نہیں کرسکتا تو اس کی افادیت پر سوال اٹھتا ہے۔
میئر کراچی نے افسران کو خبردار کیا کہ تجاوزات سے متعلق مزید شکایات پر سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ افسران یا تو اپنی ذمہ داریاں پوری کریں یا ملازمت سے ہاتھ دھونے کے لیے تیار رہیں۔
اجلاس میں میٹروپولیٹن کمشنر ابرار جعفر، مشیرِ مالیات گلزار ابڑو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

