ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما سید مصطفیٰ کمال نے پارٹی کے ذمہ داران، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنوں کو آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایت بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز پر منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران، منتخب نمائندوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
وسائل اور اختیارات کی منصفانہ تقسیم پر زور
مصطفیٰ کمال نے کارکنوں کو ثابت قدم رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اپنی منزل تک ضرور پہنچے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا مقصد ملک کے 98 فیصد غریب، مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کو وسائل اور اختیارات کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے اقتدار میں شریک کرنا ہے۔
پارٹی رہنماؤں کی اجلاس میں شرکت
اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما انیس قائم خانی، انچارج سی او سی فرقان اطیب، سی او سی کے ارکان اور مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

