کراچی: سندھ کے محکمہ داخلہ نے میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے باضابطہ طور پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے۔ محکمہ داخلہ نے اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو مراسلے جاری کرتے ہوئے افسران نامزد کرنے کی درخواست کی ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق ڈی آئی جی عرفان بلوچ جے آئی ٹی کی سربراہی کریں گے۔ تحقیقاتی ٹیم میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، پاکستان رینجرز سندھ اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سینئر نمائندے شامل ہوں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے متعلقہ اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ جے آئی ٹی میں گریڈ 18 یا اس سے اعلیٰ گریڈ کے افسران نامزد کریں تاکہ قتل کیس کی تحقیقات آگے بڑھائی جا سکیں۔
میر رضا علی قتل کیس کا مقدمہ کراچی کے تھانہ فیروز آباد میں درج ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے جسٹس عمر سیال پر مشتمل یک رکنی انکوائری کمیشن نے پہلے اپنی رپورٹ پیش کی تھی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے بتایا ہے کہ اسی انکوائری کمیشن کی سفارش پر جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم اب کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور متعلقہ اداروں کے نمائندے تحقیقات میں معاونت کریں گے۔

