Site icon Tashakur News

میر رضا قتل کیس: عرفان بلوچ کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

Sindh government officials discussing the Mir Raza murder case investigation and JIT formation

Sindh government announces a JIT and inquiry into the Mir Raza murder case.

سندھ حکومت نے میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کے کردار کی تحقیقات کے لیے الگ انکوائری بھی کی جائے گی۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جوڈیشل کمیشن کی سات والیمز پر مشتمل تفصیلی رپورٹ حکومت کو موصول ہوگئی ہے۔

ان کے مطابق سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے رپورٹ پر اجلاس کیا اور وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دے دی ہے۔

جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن وزیراعلیٰ کے احکامات پر قائم کیا گیا تھا۔ کمیشن کو اہم ذمہ داری سونپی گئی تھی، جسٹس عمر سیال نے اس حوالے سے سفارشات مرتب کیں۔

وزیر داخلہ کے مطابق سندھ حکومت نے بھی کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں اپنی سفارشات تیار کرلی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان نے جے آئی ٹی کے قیام کے لیے آئینی عدالت سے رجوع کیا تھا، تاہم درخواست مسترد ہوگئی تھی۔ ان کے مطابق اب متاثرہ خاندان بھی جے آئی ٹی کے قیام پر آمادہ ہے۔

وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد جے آئی ٹی تشکیل ہوگی

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے سفارشات کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔ اسے وزیراعلیٰ سندھ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ان کے مطابق وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو خط بھی لکھا جائے گا۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ کو سفارش کریں گے کہ جے آئی ٹی تحقیقات مکمل کرکے چالان پیش کرے۔

پولیس افسران کے خلاف الگ انکوائری

وزیر داخلہ کے مطابق میر رضا کیس کی تفتیش میں پولیس افسران کے کردار کا جائزہ لینے کے لیے ذوالفقار لاڑک کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت معاملے کی تحقیقات میں تعاون کرنا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے جسٹس عمر سیال سے بھی بات کی تھی۔

Exit mobile version