Site icon Tashakur News

کرک میں پولیس کا سرچ آپریشن، ڈی ایس پی عمران الدین سمیت 4 اہلکار شہید، 2 دہشت گرد ہلاک

Funeral of DSP Imranuddin Khan and three police personnel in Karak, Khyber Pakhtunkhwa

Police officials attend the funeral of four personnel martyred during an operation in Karak.

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے چرپیرا میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ خرم محمدزئی کے علاقے چرپیرا میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران پیش آیا۔ آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت سے متعلق اطلاعات پر شروع کیا گیا تھا۔

فائرنگ کے تبادلے میں 4 اہلکار شہید

پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ خرم کی حدود میں چرپیرا روڈ پر دہشت گردوں نے ناکہ بندی قائم کی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے علاقے میں کارروائی کا فیصلہ کیا۔

بیان کے مطابق آپریشن کی قیادت ڈی ایس پی بانڈہ اور ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کر رہے تھے۔ بی ڈی یو، ڈرون ٹیم، ریسکیو 15 اور آر آر ایف کے اہلکار بھی کارروائی میں شریک تھے۔

پولیس کے مطابق چرپیرا میں مبینہ دہشت گرد کمانڈر قیصر اقبال کے گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

شہید اہلکاروں کی شناخت

پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں میں شامل ہیں:

ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان

سب انسپکٹر افضل اعوان، ایس ایچ او تھانہ لتمبر

کاظم، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے گن مین

امجد، بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار

حکام کے مطابق علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ ایس پی آپریشنز، ضلع کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران کارروائی میں مصروف ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی مذمت

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرک میں پولیس اہلکاروں پر حملے کی مذمت کی اور شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم کا عزم ایسی کارروائیوں سے متزلزل نہیں ہوسکتا۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

شہدا کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

ضلع کرک میں شہید ہونے والے چاروں پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔

نمازِ جنازہ میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمر، آر پی او کوہاٹ شاکر حسین داوڑ، کمشنر کوہاٹ پرویز خان ثبت خیل، ایس ایس پی آپریشنز سی ٹی ڈی نجم الحسنین، ڈپٹی کمشنر کرک حامد اقبال اور ڈی پی او کرک نیاز محمد سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

شہدا کے اہلخانہ، پولیس افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی۔ اعلیٰ حکام نے ان کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا خراجِ تحسین

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے شہید اہلکاروں کی بہادری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، لیکن فرائض سے پیچھے نہیں ہٹے۔

ان کے مطابق شہدا کی قربانیاں پولیس فورس کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیے گئے۔

Exit mobile version