کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے جاپان کے قونصل جنرل ہاتوری مسارو (Hattori Masaru) نے ملاقات کی۔ میئر نے جاپانی وفد کا بلدیہ عظمیٰ کراچی آمد پر خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں حب کینال پر پمپنگ اسٹیشن کی تنصیب سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جاپان پاکستان کے اہم شراکت داروں اور بہترین دوستوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کراچی، خصوصاً سندھ میں ترقیاتی منصوبوں اور بحالی کے لیے جاپانی تعاون کو سراہا۔
میئر کراچی نے حب کینال منصوبے میں تعاون پر جاپانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جاپانی سرمایہ کاروں کو کراچی میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل اور کراچی واٹر کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد علی صدیقی بھی موجود تھے۔

